منگلورو 6/اگست (ایس او نیوز) منگلورو کے دیہی علاقے بونڈا تیل میں واقع سینٹ تھامس ایڈیڈ ہائیر پرائمری اسکول میں غیرملکی زبانیں سکھانے کے پروگرام کے تحت عربی زبان بھی سکھائے جانے پر ہندو شدت پسند تنظیم سری رام سینانے وہاں چھاپہ مارکرجو ہنگامہ کھڑا کردیا تھا اس کے نتیجے میں اب اسکول نے عربی کلاسس بند کرنے کافیصلہ کیا ہے۔
حالانکہ پولیس نے سری رام سینا کے کارکنوں پر مقدمات دائر کرکے 16ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔ مگر عربی کلاسس کا یہ تنازعہ رکنے کا نام نہیں لے رہا تھا، کیونکہ سری رام سینا نے کل ہی دھمکی دی تھی کہ اگر اس کے کارکنوں پر سے کیس واپس نہیں لیے گئے تو وہ کیتھولک چرچوں کے خلاف پوری ریاست میں احتجاجی مظاہرے شروع کرے گی۔
کہا جاتا ہے کہ اس تنازعہ کے پس منظر میں گاوں کے معززین اور اسکول ترقیاتی کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی اور اس موضوع پر کھل کر بحث و گفتگو ہوئی۔ جس کے بعد اسکول انتظامیہ نے فوری طور پر عربی کلاسس بند کرنے کافیصلہ کیا۔